جمعرات، 22 دسمبر، 2016

بلدیاتی انتخابات میں ن لیگ نے بازی مار لی

پنجاب بھر میں میئر، ڈپٹی میئرز، چیئرمین اور وائس چیئرمینز کے انتخابات کے لیے ایک سال تاخیر کے بعد انتخابات منعقد ہوئے۔غیر حتمی نتائج کے مطابق گجرانوالہ سمیت پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں پاکستان مسلم لیگ (ن) نے میدان مار لیا۔پنجاب بھر میں میئر اور ضلع کونسل کے چیئرمین کی نشستیں ن لیگ لے اڑی انتخابات منعقد ہوئے۔گجرات میں ہونے والے انتخابات میں چودھری شجاعت حسین کی ہمشیرہ سمیرا الٰہی کو شکست کا سامنا - یونسپل کارپوریشن کے 97 میں سے مسلم لیگ(ن) کے امیدوار برائے مئیر شیخ ثروت اکرام نے 87 ووٹ حاصل کئے، جبکہ ان کے مخالف امیدواریحییٰ بٹ صرف 8 ووٹ حاصل کر سکے۔ اسی طرح ضلع کونسل کے 118 میں سے مسلم لیگ ن کے امیدوار مظہر قیوم ناہرہ نے 94 ووٹ حاصل کئے، جبکہ ان کے مد مقابل پی ٹی آئی کے امیدور فیصل قادر چیمہ صرف 22 ووٹ لے سکے۔ فیصل آباد کے میئر کے انتخاب میں رانا ثناءاللہ گروپ نے بازی مار لی، ملک رازق 105 ووٹ لے کر مئیر منتخب ہوگئے۔ واضح رہے کہ تحریک انصاف کے امیدواروں نے رانا ثناء اللہ گروپ کی حمایت کی تھی۔ ن لیگی امیدوار نوید الحق آرائیں ملتان کے میئر بن گئے، انہوں نے 71 ووٹ حاصل کیے۔ بہاولپور میں ن لیگ کے عقیل نجم نے 28 ووٹ لے کر میئر کی کرسی جیت لی جبکہ ڈیرہ غازی خان میں بھی ن لیگ کے امیدوار حمید چانڈیہ میونسپل کارپوریشن کے میئر اور شیخ اصرار ڈپٹی میئر منتخب ہوئے۔ سیالکوٹ میں مسلم لیگ ن کی امیدوار حنا ارشد وڑائچ 126 ووٹ حاصل کرکے چیئرمین ضلع کونسل منتخب ہوگئیں۔ اس کے علاوہ رحیم یار خان، راجن پور، منڈی بہاؤالدین اور ٹوبہ ٹیک سنگھ میں بھی ن لیگی امیدوار کامیاب ہوئے۔ امکان یہی ظاہر کیا جارہا تھا کہ حکمران جماعت پاکستان مسلم لیگ (ن) اکثریت سے کامیاب ہوگی تاہم چند اضلاع میں سخت مقابلے کا بھی امکان تھا۔ پنجاب بھر کے 35 ضلعی کونسلز اورمیونسپل کمیٹیز میں182 چیئرمین اور وائس چیئرمین منتخب کرنے کے لیے پولنگ ہوئی، جب کہ پنجاب سے چیئرمین اور وائس چیئرمین کے عہدوں پر 56 امیدوار پہلے ہی کامیاب ہوچکے ہیں۔ پنجاب بھر میں 11 میئر اور 23 ڈپٹی میئر بھی انتخابی میدان میں زور آزمائی کر رہے ہیں، جب کہ چیئرمین اور وائس چیئرمین کے عہدوں کی دوڑ میں 328 امیدوار حصہ لے رہے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے مطابق مری میونسپل کمیٹی اور کوٹلی سٹن میں نامکمل الیکٹورل کالج کی وجہ سے انتخابات ملتوی کیے گئے جبکہ کلر سیداں اور خانپور میں امیدواروں کی جانب سے دستبرداری کی وجہ سے انتخابات نہیں ہوئے۔ بلدیاتی انتخابات کا سب سے دلچسپ معرکہ فیصل آباد میں ہوا، جہاں مسلم لیگ (ن) کے صوبائی وزیر رانا ثناء اللہ اور وفاقی وزیر عابد شیر علی کے حمایت یافتہ دو طاقتور گروپوں کے درمیان مقابلہ تھا۔ نارووال میں بھی وفاقی وزیر احسن اقبال اور مسلم لیگ(ن) کے ترجمان دانیال عزیز کے حمایت یافتہ امیدواروں کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی امید تھی۔ یہ بھی پڑھیں: پنجاب: بلدیاتی انتخابات کا تیسرا مرحلہ، ن لیگ کی سبقت چوہدری شجاعت علی اور چوہدری پرویز الہی کے مضبوط گڑھ ضلع گجرات میں چوہدری برادران نے حکمراں جماعت مسلم لیگ(ن) کو ٹف ٹائم دے رکھا ہے جبکہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی کچھ اپ سیٹ ہونے کے امکانات ہیں۔ پی ٹی آئی کا بائیکاٹ ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)نےبلدیاتی انتحابات کی پولنگ شروع ہوتے ہی جہلم میں انتخابات کا بائیکاٹ کردیا۔ پی ٹی آئی نے الیکشن میں سرکاری مشینری کے بے دریغ استعمال اور ووٹرز کو خریدنے کے الزامات لگا کر احتجاج کا بائیکاٹ کیا۔ جہلم میں پی ٹی آئی کےمرزا جمشید نے کاغذات جمع کروائے تھے۔ دوسری جانب پی ٹی آئی کے اقلیتی امیدوار بشیر مسیح کی درخواست پر لاہور ہائیکورٹ نے ڈسٹرکٹ کونسل ننکانہ صاحب کے انتخابات روکنے کا حکم دے دیا۔ پی ٹی آئی کے امیدوار کی درخواست پر جسٹس عائشہ اے ملک نے سماعت کی، دوران سماعت عدالت نے ریمارکس میں کہا کہ اقلیتی نشستوں پر انتخابات سے قبل ڈسٹرکٹ کونسل کے انتخابات نہیں ہوسکتے۔ مزید پڑھیں: سندھ اور پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کا دوسرا مرحلہ فیصل آباد میں انتخابات کے باعث راستے بند، بچہ ہلاک فیصل آباد میں میئر اور چیئرمین کے لیے ہونے والی پولنگ کے باعث سول ہسپتال کی جانب جانے والے راستے بند کیے گئے، جس وجہ سے بروقت ہسپتال نہ پہنچنے کی وجہ سے 5 سالہ بچے نے راستے میں دم توڑ دیا۔ انتخابات کے باعث جہاں اسپتال کی طرف جانے والے راستے بند کردیے گئے، وہیں شہر کی ٹریفک بھی جام ہوگئی جب کہ اسپتال کی طر ف گاڑیوں کو جانے کی اجازت نہ دیے جانے کی وجہ سےکئی لوگوں نے اپنے بیمار پیاروں کو گود میں اٹھاکر اور ویل چیئر پربٹھاکر ہسپتال پہنچایا۔ علاج کےلیے بروقت ہسپتال نہ پہنچنے کے باعث دم توڑنے والے بچے کی لاش کو بھی ان کا والد گود میں اٹھاکر لے گیا۔ ہسپتال آنے والے مریضوں کے مطابق نہ صرف راستے بند کیے گئے بلکہ ہسپتال کا مرکزی دروازہ بھی بند کردیا گیا جب کہ ہسپتال انتظامیہ نے دروازہ بند کرنے والے الزاموں کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ہسپتال کا مرکزی نہیں بلکہ چھوٹا دروازہ بند کیا گیا تھا۔ فیصل آباد میں ہسپتال لے جاتے ہوئے راستے میں دم توڑنے والے بچے کی ہلاکت پر وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے نوٹس لیتے ہوئے ضلعی انتظامیہ سے معاملے کی رپورٹ طلب کرلی۔ ڈان نیوز کی رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب نے فیصل آباد کی انتظامیہ کو جلد رپورٹ پیش کرنے کا حکم دیا۔

ہفتہ، 29 اکتوبر، 2016

انڈیا میں عدالت نے ٹرین ضبط کرلی

انڈیا میں عدالتی حکام نے محکمہ ریلوے کی جانب سے ایک کسان کو اس کی زمین کے بدلے رقم ادا نہ کرنے پر ایک مسافر ٹرین کو ضبط کر لیا ہے۔کرناٹکا کی ریاست میں واقع ہاری ہار اسٹیشن پر جب اس ٹرین کو قبضے میں لیا گیا تو اس وقت ٹرین پر سو سے زیادہ مسافر سوار تھے۔تاہم ریلوے حکام کی جانب سے اس یقین دہانی کے بعد کہ وہ کسان کو اس کی زمین کا معاوضہ جلد ادا کر دیں گے عدالتی حکام نے ٹرین کو چھوڑ دیا۔ریلوے نے سنہ 2006 میں متاثرہ کسان سے زمین حاصل کی تھی تاہم ابھی تک کسان کو زمین کا معاوضہ ادا نہیں کیا گیا ہے۔شیو کمار نامی کسان نے 36 لاکھ روپے کے بدلے اپنی ایک ایکٹر زمین ریلوے کو بیچی تھی۔تاہم ریلوے حکام کی جانب سے رقم ادا کرنے میں ناکامی کے بعد کسان نے عدالت سے رجوع کیا تھا۔سنہ 2013 میں عدالت نے ریلویے حکام کو حکم دیا تھا کہ شیو کمار کو سود سمیت زمین کا معاوضہ ادا کیا جائے۔ لیکن ریلوے کی جانب سے تین سال تک اس حکم پر عمل درآمد میں ناکامی کے بعد عدالت نے ٹرین کو ضبط کرنے کا حکم دیا تھا۔کسان کے وکیل ’کے جی ایس پٹیل‘ نے بی بی سی کو بتایا کہ ’ریلوے حکام نے وعدہ کیا ہے کہ ایک ہفتے کے اندر رقم ادا کر دی جائے گی جس کے بعد ٹرین کو جانے کی اجازت دے دی گئی۔‘ٹرین پر سفر کرنے والے ’سہی کاہی چاندرو‘ کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ ’پہلے ہم سمجھے کہ شاید دنگا فساد کرنے والوں نے ٹرین روک لی ہے۔ لیکن بعد میں معلوم ہوا کہ ٹرین کو عدالتی حکم کے تحت ضبط کیا گیا ہے۔ مجھے غصہ تو آیا لیکن اس پر ہنسی بھی آرہی تھی۔

بدھ، 13 اپریل، 2016

چیچہ وطنی میں ساڑھے 3 فٹ کا نوجوان اپنے سے بھی چھوٹے 3 فٹ قد کی دلہن بیاہ لایا

چیچہ وطنی میں پستہ قد نوجوان اپنے سے بھی چھوٹے قد کی دلہن بیاہ لایا، ساڑھے تین فٹ کا 29 سالہ دلہا غلام مصطفی شاکر کالونی کا رہائشی ہے جس کی شادی فیصل آباد کی رہائشی 22 سالہ کلثوم ناز سے بخیر و خوبی انجام پائی، بارات میں دلہا کے والدین ، پستہ قد بہنوئی، بہنیں اور دیگر رشتہ دار شامل تھے، دلہا کے والدین کا کہنا ہے کہ انہیں اپنے بیٹے کی دلہن ڈھونڈنے میں دو سال لگ گئے، غلام مصطفی کے دو بھائی اور دو بہنیں ہیں جن میں سے تین کا قد چھوٹا ہے، دلہن کلثوم ناز کا قد تین فٹ ہے، شادی کا اہتمام دھوم دھام سے کیا گیا، اس موقع پر کرنسی نوٹوں کی سلامی کے علاوہ روایتی رسم کے طور پر دلہا کی آنکھوں میں سرمہ بھی ڈالا گیا، بارات کی فیصل آباد روانگی سے قبل دلہا نے قریبی مسجد میں جا کر اپنی نئی ازدواجی زندگی کی کامیابی کی دعا کی۔

منگل، 12 اپریل، 2016

امن کا نوبیل انعام جیتنے والے امریکی صدر باراک اوباما نے اپنے 8 سالہ دور اقتدار کے آخری دنوں میں اعتراف کر لیاکہ وہ لیبیا کی بربادی اور اس کے عوام پر ٹوٹنے والی قیامت کے ذمہ دار ہیں۔

امن کا نوبیل انعام جیتنے والے امریکی صدر باراک اوباما نے اپنے 8 سالہ دور اقتدار کے آخری دنوں میں بلآخر یہ اعتراف کر لیا ہے کہ وہ لیبیا کی بربادی اور اس کے عوام پر ٹوٹنے والی قیامت کے ذمہ دار ہیں۔ نیوز سائٹ RT.COM کے مطابق امریکی ٹی وی کے پروگرام فاکس نیوز سنڈے میں جب امریکی صدر سے سوال کیا گیا کہ وہ اپنے دور صدارت کی بدترین غلطی کسے قرار دیں گے، تو ان کا کہنا تھا، ”غالباً لیبیا میں مداخلت کے بعد کے حالات کی منصوبہ بندی نہ کرپانا، جبکہ میرے خیال میں لیبیا میں مداخلت درست کام تھا۔